وزیر خارجہ سشما سوراج نے پولینڈ میں مبینہ طور پر ہندستانی طالب علم کو
پیٹنے کے سلسلے میں وہاں تعینات ہندستانی سفیر اجے بساریا سے رپورٹ طلب کی
ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی ہےکہ معاملے کے تمام پہلوؤں پر جانچ کی
جا رہی ہے۔ مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولینڈ کے پونجان میں بدھ کو
ہندستانی طالب علم پر ایک نامعلوم شخص نے ٹرام میں حملہ کیا تھا۔ اس کے بعد
متاثرہ طالب علم نے اپنے ایک دوست کو فون کیا اور مقامی لوگوں کی مدد سے
اسے اسپتال لے جایا گیا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ انہوں نے طالب
علم پر مبینہ طور پر حملے کی اطلاع کے بعد
اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ طلب
کی ہے۔
محترمہ سوراج نے پولینڈ کی مقامی میڈیا رپورٹ کے ایک ٹویٹ پر ردعمل کا
اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کل رات ہندستانی سفیر اجے بساریا سے
ہندستانی طالب علم پر حملے کے سلسلے میں بات کی ہے۔ طالب علم کے نام کا
انکشاف نہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہاں، طالب علم کو پیٹنے کا واقعہ پیش
آیا تھا۔ خوش قسمتی سے وہ بچ گیا۔ ہم واقعہ کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں
پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مسٹر اجے بساریا نے کہا کہ ابتدائی
تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ طالب علم پر پونجان ٹرام میں حملہ کیا گیا تھا۔
خدا کا شکر ہے کہ وہ بچ گیا۔